تہران :امریکہ اور ایران کے مابین جاری سفارتی بحران کے حل کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ایران نے واشنگٹن سے باضابطہ طور پر فوری جنگ بندی، اپنے منجمد اثاثوں کی یکمشت واپسی اور بحری تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ممکنہ تصفیے کے لیے امریکہ کی جانب سے پیش کی جانے والی حالیہ تجاویز کے بعد فریقین کے مابین دوریاں کسی حد تک کم ہوئی ہیں۔ تہران نے واضح کیا ہے کہ سفارتی عمل کو حتمی اور منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے واشنگٹن کو خطے میں جنگ کی دھمکیاں دینا فوری طور پر بند کرنا ہوں گی۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انتہائی سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ ٹھوس اور منطقی مذاکرات کا حامی ہے اور اس کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔




