پاکستان
Trending

عظیم معاشی طاقت چین کی ترقی پوری دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف

 

اسلام آباد :وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیجنگ کی بے مثال ترقی کو دنیا کے لیے ایک عظیم معاشی ماڈل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران چین نے محنت اور بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے جو مقام حاصل کیا ہے، معاشی میدان میں اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔

وزیرِ اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ چین نے اپنی انقلابی پالیسیوں کی بدولت کروڑوں انسانوں کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ عزم اور درست سمت کی بدولت کوئی بھی قوم معجزات برپا کر سکتی ہے، اور آج چین کا یہ ماڈل پوری دنیا کے لیے قابلِ تقلید ہے۔

اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے چین کی سچی اور لازوال دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا، چین نے ہمیشہ مخلص بھائی کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2010 کے تباہ کن سیلاب کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا تباہ کن سیلاب کے دوران چین نے جس فراخ دلی کے ساتھ پاکستان کی بھرپور مدد کی، وہ ہماری تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے اور پوری پاکستانی قوم اس پر چینی قیادت اور عوام کی شکر گزار ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے مابین اسٹریٹجک تعلقات کی پائیداری پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ رشتہ صرف سرکاری دستاویزات یا سفارتی ضابطوں کا محتاج نہیں، بلکہ یہ دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں کا رشتہ ہے۔ انہوں نے اس پختہ عزم کا اظہار کیا کہ عالمی اور علاقائی سیاست کے بدلتے ہوئے رنگ بھی پاک چین لازوال دوستی کی مضبوطی کو کم نہیں کر سکتے، اور یہ رشتہ وقت گزرنے کے ساتھ مزید گہرا ہوتا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button