راولپنڈی:پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کے تاریخی دن "یومِ تکبیر” کے موقع پر عسکری قیادت نے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ دن ملک کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی علامت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیرچیف اور نیول چیف نے اپنے تہنیتی بیغامات میں کہا ہے کہ 28 مئی کا یہ یادگار دن جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک توازن کی بحالی، بے مثال قومی اتحاد اور ہماری خودمختاری کا مظہر ہے۔
ملک کے جوہری پروگرام کو قومی وقار کا ضامن قرار دیتے ہوئے عسکری سربراہان کا کہنا تھا "پاکستان کی دفاعی اور سٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے، جو ہماری مدبر قیادت، مایہ ناز سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری قوم کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔
عسکری قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تاریخی موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی یکجہتی سے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ اس عظیم دن کی مناسبت سے پوری قوم نے ایک بار پھر ایک بیدار، مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کی ہے۔




