اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے موسم کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک کا بیشتر حصہ شدید گرمی کے زیرِ اثر رہے گا تاہم بعض بالائی اور وسطی علاقوں میں موسمِ گرما کی پہلی بارشیں ریلیف فراہم کر سکتی ہیں۔
اسلام آباد اور لاہور کے لیے اچھی خبر: اسلام آباد میں دن بھر کی شدید تپش کے بعد رات کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں بشمول لاہور، حافظ آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے زیریں اضلاع تو شدید گرمی کا سامنا کریں گے، مگر چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور اور مالاکنڈ کے چند مقامات پر بادل مہر بان ہو سکتے ہیں۔
سندھ اور بلوچستان کے شہریوں کے لیے فی الحال کوئی ریلیف نہیں ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر (ہٹ ویو) بدستور پنجے گاڑے رہے گی اور بلوچستان کا موسم بھی شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔




