تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر تجارت، سرحدی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مستقبل میں اعلیٰ سطحی رابطوں کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا۔




