اسلام آباد: حکومت نے سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی بیرونِ ملک ہوسٹنگ ختم کرکے انہیں مرحلہ وار پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے پاکستان انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک تیار کر لیا ہے، جس کے تحت سرکاری ڈیجیٹل اثاثوں کے تحفظ اور سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔
دستاویزات کے مطابق سرکاری ویب سائٹس، ایپلی کیشنز اور دیگر اہم آن لائن سروسز کو مقامی ڈیٹا سینٹرز میں منتقل کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سرکاری ڈیٹا سینٹرز میں جدید فائر والز، سائبر نگرانی کے نظام اور خطرات کی فوری نشاندہی کرنے والے سکیورٹی میکنزم لازمی ہوں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے سرکاری ڈیٹا کے تحفظ میں اضافہ ہوگا اور قومی سطح پر سائبر سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔




