منیلا: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے ملاقات میں پاکستان اور آسیان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ سازی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پاکستان کے اسٹریٹجک محلِ وقوع اور معاشی استعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان کے متوازن اور تعمیری سفارتی کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے باہمی مشاورت اور سفارتی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا، جبکہ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔




