اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں فلسطین کی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و سلامتی کے معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کو درپیش سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کمپاؤنڈ کی بار بار بے حرمتی کی مذمت کی۔
گفتگو کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے فلسطینی عوام کے حقوق، آزادی اور خودمختاری کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے اردن کی جانب سے عرب اور اسلامی ممالک کا اجلاس بلانے کی تجویز پر بھی بات چیت کی اور فلسطین کے معاملے پر مشترکہ سفارتی اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




