مظفر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی، جمہوری اور سیاسی حقوق دلوانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد کشمیر میں امن، انصاف اور ترقی کا قیام ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام کی منتخب اسمبلی کرے گی اور عوامی رائے کا احترام جمہوری طریقے سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں فیصلہ بیلٹ کے ذریعے ہونا چاہیے، کسی دباؤ یا طاقت کے ذریعے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ایک مضبوط اور خوشحال خطہ بنانا چاہتے ہیں، جہاں عوام کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر دستیاب ہوں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ کشمیر کو کسی دوسرے صوبے کی نقل نہیں بنانا چاہتے بلکہ اس کی اپنی شناخت اور حیثیت کے مطابق ترقی دیکھنا چاہتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے انتخابی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کی چوری قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر انتخابات شفاف ہوئے ہیں تو تمام ریکارڈ عوام کے سامنے لایا جائے اور انتخابی شکایات کی غیر جانبدارانہ سماعت کی جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 2 اگست سے پہلے تمام شکایات کی کھلی سماعت ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے بعد آئینی کنونشن بلایا جائے گا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
انہوں نے کشمیری مہاجرین کے مسائل کے حل اور انہیں مؤثر نمائندگی دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کشمیر کی تاریخ اور تحریک کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن اداروں میں ملکی اور مستقبل کے فیصلے ہوتے ہیں وہاں کشمیر کی نمائندگی ضروری ہے۔
انہوں نے کشمیر میں قائم میڈیکل کالجز اور جامعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں میں پیپلز پارٹی کے کردار کو یاد رکھا جانا چاہیے۔




