جدہ :وزیراعظم شہباز شریف دورۂ سعودی عرب مکمل کرکے مدینہ منورہ سے پاکستان روانہ ہوگئے۔ مدینہ ایئرپورٹ پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان آل سعود نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
وزیراعظم نے مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی، ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔ شہباز شریف نے روضۂ رسول ﷺ پر بھی حاضری دی اور زیارتِ خاص کی سعادت حاصل کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے میں شریک تھے۔




