اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاک قازقستان تعلقات، دوطرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قازق سفیر کی دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے فروری 2026 میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں سفیر کے کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ علاقائی رابطوں، تجارت، توانائی، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
قازق سفیر یرژان کستافین نے اپنے دورِ سفارت کے دوران پاکستان کی جانب سے تعاون اور معاونت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت تعلقات میں مزید پیش رفت جاری رہے گی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے قازق سفیر کے لیے ان کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔




