جنیوا: پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے، پاکستان 2026 کے لیے کانفرنس کا آخری صدر ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفیر طاہر حسین اندرابی جنیوا میں کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ پاکستان اپنی صدارت کے دوران عالمی سطح پر تخفیفِ اسلحہ سے متعلق مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرے گا۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنے، جوہری جنگ کی روک تھام اور خلاء کو ہتھیاروں سے پاک رکھنے سمیت اہم عالمی امور زیرِ بحث آئیں گے۔ کانفرنس کی سالانہ رپورٹ پر مذاکرات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کے 65 رکن ممالک ہیں۔ ترجمان نے پاکستان کی صدارت کو عالمی امن و سلامتی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
ترجمان کے مطابق تخفیفِ اسلحہ کانفرنس ماضی میں کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں سے متعلق اہم عالمی معاہدوں کے مذاکرات میں بھی اہم کردار ادا کر چکی ہے۔




