اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشکل معاشی ایڈجسٹمنٹ کے بعد استحکام حاصل کرلیا ہے اور اب حکومت کی ترجیح معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
ماہانہ ترقیاتی رپورٹ برائے اگست کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت برآمدات کو معاشی ترقی کا اہم محرک بنایا جا رہا ہے تاکہ روزگار اور نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی 2026 میں مہنگائی کم ہوکر 9.2 فیصد، ترسیلات زر 3.6 ارب ڈالر اور اشیاء کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ آئی ٹی برآمدات بھی 417 ملین ڈالر رہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق مالی سال 2025-26 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.6 فیصد تک محدود رہا۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام مضبوط بنانے، برآمدات بڑھانے اور ترقیاتی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ جولائی میں ترجیحی ترقیاتی منصوبوں کے لیے 211.327 ارب روپے جاری کیے گئے۔




