اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پولیسنگ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے کیپٹل پٹرول فورس قائم کر دی گئی، جس کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تقریب میں الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسلام آباد پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس میں 200 اہلکار شامل ہوں گے اور ہر پٹرول یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون اہلکار تعینات ہوگا۔ تمام اہلکاروں کو باڈی کیمرے بھی فراہم کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کے ایندھن کی بچت ہوگی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے جدید اور ماحول دوست اقدامات کو سراہا۔




