لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے صحت کے شعبے میں چینی تجربات اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا اور صوبے کے ہیلتھ انشورنس سیکٹر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چین کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ووہان یونیورسٹی، تائی پنگ ہیلتھ اور دیگر چینی اداروں نے پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری تربیتی مرکز ووہان میں قائم کیا گیا ہے، جس سے طبی شعبے میں تربیت اور دونوں ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کو فروغ ملے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب کے ہیلتھ انشورنس سیکٹر میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کے صحت کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔




