اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوچوے سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات سے نمٹنے، نوجوانوں کی ترقی اور معاشی مواقع کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں دولتِ مشترکہ ڈیزاسٹر ریزیلینس ہب قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک اس تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوچوے نے پاکستان کی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں پاکستان کے تجربے کو اہم قرار دیا۔
ملاقات میں پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے درمیان نوجوانوں کی ترقی اور ان کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے سیکریٹری جنرل کو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
شرلی بوچوے نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور دولتِ مشترکہ موسمیاتی تبدیلی، ڈیزاسٹر ریزیلینس، نوجوانوں کی ترقی اور معاشی تعاون کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے۔




