لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کریوابلیشن مشینوں سے متعلق ویڈیو بھی ایکس پر شیئر کردی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میو اسپتال لاہور میں 70 سے زائد مریض کریوابلیشن مشین کے ذریعے کینسر کے مفت علاج سے مستفید ہوچکے ہیں، جبکہ مزید مشینیں پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں نصب کی جا رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے لیے 2، نشتر اسپتال ملتان، الائیڈ اسپتال فیصل آباد اور بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے لیے ایک، ایک کریوابلیشن مشین روانہ کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مزید 5 مشینیں خرید کر تنصیب کے لیے بھیجی گئی ہیں۔ پنجاب میں پہلی کریوابلیشن مشین 2025 میں میو اسپتال لاہور میں متعارف کرائی گئی تھی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت سالانہ 5 ارب روپے مریضوں کے علاج پر خرچ کر رہی ہے اور کینسر کے مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
مزمل اسلم کو جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ لکھنے سے پہلے حقائق چیک کرلینے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں 17 سال کے دوران کیا کارنامے سرانجام دیے گئے، یہ بھی بتایا جائے۔




