لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ساہیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں ولایت شاہ، قاسم ندیم، ارشد ملک، ندیم اسلم لودھی، رانا ریاض احمد اور محمد حنیف شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ساہیوال کے لیے جلد مزید 14 الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں میں ناقص تعمیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت ترقیاتی کاموں کو صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھ رہی بلکہ منصوبوں کو گاؤں کی سطح تک لے کر جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر علاقے کے عوام کو بنیادی سہولیات اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔




