اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ حالات کے دوران سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھرنے اور احتجاج معاشی سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنوں کے باعث معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوسکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام بڑی مشکل سے حاصل کیا گیا ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں میں تعطل سے معیشت کے ساتھ ساتھ عام آدمی بھی متاثر ہوتا ہے۔ سب سے زیادہ مشکلات دیہاڑی دار طبقے کو پیش آتی ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی سفر میں مزید بہتری آئے گی۔




