’
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دینے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد سومنات نہیں اور جنید اکبر محمود غزنوی نہیں ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے۔ ان کے بقول، مخالفین کی زبان سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک جاسکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ صوبے میں روز بہنے والے خون پر ان کا دل نہیں روتا؟ انہوں نے مزید سوال کیا کہ کیا طالبان ان کے اتحادی ہیں جو خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کو روکنے کے بجائے انتشار اور نفرت پھیلا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے 27 ستمبر کے حوالے سے بھی سوال اٹھایا کہ جس حملے کی بات کی جارہی ہے، کیا وہ طالبان کا حملہ ہوگا اور کیا پاکستان میں مقیم افغان شہری اس لشکر کا حصہ ہوں گے؟۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وفاق پوری قوت سے اسلام آباد کا دفاع کرے گا۔




