اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف سکیم کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سکیم کے تحت شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی دی جا رہی ہے۔ سکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ 75 لاکھ سے زائد شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق 15 ستمبر سے اب تک ایک کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز جاری کیے گئے، جن میں سے ایک کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے سکیم کے تحت مستحق شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کا عمل مؤثر انداز میں جاری رکھنے پر زور دیا۔




