پاکستان
Trending

پی ٹی آئی کو سیاسی راستہ اختیار کرنے پر قائل کریں گے: بلاول بھٹو

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے آپشنز سے پہلے سیاسی حل تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے، پی ٹی آئی سے رابطہ کرکے موجودہ صورتحال کا سیاسی حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔

گریٹر کراچی سیوریج پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا مؤقف تھا کہ قانونی کارروائی سے پہلے معاملے کا سیاسی حل تلاش کیا جائے اور سیاسی جماعتوں کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی آپشنز ہیں، تاہم ان سے پہلے سیاسی حل کیلئے پوری کوشش ضروری ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ پی ٹی آئی سے رابطہ کیا جائے اور اسے لانگ مارچ ختم کرنے پر قائل کیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو بھی سمجھنا چاہیے کہ انہوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، اب پی ٹی آئی اپنے لانگ مارچ کی کامیابی کو تسلیم کرے اور مارچ ختم کرے۔

دہشتگردی کے معاملے پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے اثرات سندھ پر بھی پڑتے ہیں، اس لیے دہشتگردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ پیپلز پارٹی دہشتگردی کو اہم مسئلہ سمجھتی ہے۔

کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گریٹر کراچی سیوریج پلان سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ کراچی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور شہریوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پانی کی قلت ہے، سندھ بالخصوص کراچی کو پانی کی زیادہ کمی کا سامنا ہے۔ کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاق نے کراچی کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا، سندھ کو گیس بھی پوری نہیں دی جا رہی۔ ’’کے فور‘‘ منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں ’’شہباز اسپیڈ‘‘ نظر نہیں آ رہی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button