پاکستان
Trending

خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا فیصلہ مشاورت کے بعد مجبوری میں کیا گیا، حکومت صوبے سے دہشت گردی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، لیکن صوبے میں گزشتہ چند ماہ کے دوران حالات انتہائی خراب رہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادتیں ہو رہی ہیں۔

شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دہشت گردی دوبارہ شروع ہوئی اور دہشت گردوں کو واپس لا کر کھلی چھوٹ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کا ساتھ دینا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام گزشتہ 13 سال سے امن، ترقی اور خوشحالی کے منتظر ہیں، جبکہ صوبے کے وسائل لانگ مارچ اور منفی سیاسی سرگرمیوں پر خرچ کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ نہ کیا گیا تو ملک کی ترقی کا سفر رک جائے گا۔

مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ تمام معاملات طے ہونے کے بعد متفقہ مسودہ بھی تیار کر لیا گیا تھا، تاہم بار بار مسودے میں تبدیلی کے باعث مذاکرات سبوتاژ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کے پیش نظر حکومت کو مجبوری میں گورنر راج کا فیصلہ کرنا پڑا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی ایڈوائزری کونسل میں پڑھے لکھے افراد شامل ہیں اور حکومت ایک نئے جذبے کے ساتھ صوبے کی خدمت کرے گی تاکہ عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتیں میسر آ سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button