راولپنڈی: پاکستان اور ملائیشیا کی مسلح افواج کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق ’’حریماو مارخور‘‘ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ مشق کا انعقاد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر پبی میں کیا گیا، جس کا آغاز 7 اکتوبر کو ہوا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو ہفتے جاری رہنے والی اس مشترکہ فوجی مشق میں دونوں ممالک کی افواج نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تجربات اور بہترین عملی طریقہ کار کا تبادلہ کیا۔
مشق کے دوران آپریشنل مشقوں اور کارروائیوں کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ فوجی اہلکاروں کی جنگی مہارتوں میں اضافے اور دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشق کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
مشق کے اختتام پر پاکستان اور ملائیشیا نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔




