بنکاک: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کینیڈا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے بین الاقوامی ترقی رندیپ سرائے سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بنکاک میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے جاری اقدامات اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈین سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر پیش رفت تیز کرنا ضروری ہے۔
ملاقات میں زراعت، زرعی ٹیکنالوجی، لائیو اسٹاک، غذائی تحفظ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔
وزیر خزانہ نے بیرک مائننگ منصوبے، پاکستان کی برآمدات میں اضافے، روزگار کے مواقع اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر اور سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور زیرِ بحث آئے۔
محمد اورنگزیب نے سیلاب متاثرین کے لیے کینیڈا کی امداد پر شکریہ ادا کیا اور رندیپ سرائے کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
ملاقات میں علاقائی کشیدگی کے باعث توانائی کی منڈیوں، کھادوں کی فراہمی اور عالمی غذائی تحفظ کو درپیش ممکنہ چیلنجز پر بھی بات چیت کی گئی۔




