اسلام آباد: دفتر خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کے لیے جدید ڈیجیٹل اٹیسٹیشن سسٹم نافذ کر دیا ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے کر اپنی دستاویزات کی تصدیق کروا سکیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نئے نظام کا اطلاق 12 اکتوبر 2026 سے ہو چکا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے تحت دستاویزات کی تصدیق کا عمل آسان بنانے اور شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانے کے لیے آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے۔
نئے طریقہ کار کے مطابق درخواست گزار مطلوبہ دستاویزات آن لائن جمع کرا سکیں گے، جبکہ تصدیق مکمل ہونے کے بعد الیکٹرانک سرٹیفکیٹ ای میل کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد تصدیقی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا، شہریوں کے وقت اور وسائل کی بچت کرنا اور سرکاری خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔




