بغداد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 52ویں اجلاس میں شرکت کے لیے عراقی دارالحکومت بغداد پہنچ گئے۔ وہ اجلاس میں ایران کے سفارتی وفد کی قیادت کریں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عباس عراقچی ہفتے کی صبح بغداد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں عراق کے نائب وزیر خارجہ نے ان کا استقبال کیا۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 52واں اجلاس 17 اور 18 اکتوبر کو بغداد میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس کا موضوع ’’مکالمہ اور یکجہتی: امن اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے دو بنیادی ستون‘‘ ہے۔
دورے کے دوران عباس عراقچی اجلاس سے خطاب کریں گے اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بغداد پہنچنے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ نے اس مقام پر لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا، جہاں وہ امریکی حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔




