لاہور:مفکر پاکستان اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے 149ویں یوم ولادت کے موقع پر مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی باوقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاک بحریہ کے جوانوں نے اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
تقریب میں پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان رینجرز پنجاب اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں کا معائنہ کیا۔ تقریب کے دوران رینجرز پنجاب کا دستہ اعزازی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگیا۔
گارڈز کی تبدیلی کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور سویلین ملازمین کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کو عقیدت و احترام کے ساتھ خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کموڈور مصباح الامین نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے مسلمانوں میں خودی، خودداری، اتحاد اور آزادی کا شعور بیدار کیا۔ ان کے افکار نے تحریک پاکستان کو فکری سمت فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
علامہ اقبالؒ 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پا گئے تھے اور انہیں بادشاہی مسجد کے قریب سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی علمی، ادبی اور فکری خدمات آج بھی برصغیر سمیت دنیا بھر میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔




