کیلیفورنیا: گوگل کلاؤڈ نے صحت کے شعبے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا پلیٹ فارم ’’جیمنائی فار ہیلتھ کیئر‘‘ متعارف کرا دیا، جو ڈاکٹروں، اسپتالوں اور ہیلتھ انشورنس اداروں کے روزمرہ طبی و انتظامی امور میں مدد فراہم کرے گا۔ نیا نظام فی الحال آزمائشی مرحلے میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق جیمنائی فار ہیلتھ کیئر کے ذریعے مریضوں کے طبی ریکارڈز کا خلاصہ تیار کرنے، ڈاکٹرز کو اپائنٹمنٹ سے قبل ضروری معلومات فراہم کرنے، انشورنس کوریج اور طبی پالیسیوں کی جانچ سمیت متعدد کام خودکار انداز میں انجام دیے جاسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ڈاکٹرز ہر ہفتے تقریباً 28 گھنٹے طبی دستاویزات اور انتظامی ذمہ داریوں پر صرف کرتے ہیں۔ امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق 41.9 فیصد ڈاکٹرز دستاویزی کام کے دباؤ کے باعث پیشہ ورانہ تھکن کا شکار ہیں۔
گوگل کلاؤڈ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے کا بنیادی مسئلہ معلومات کی کمی نہیں بلکہ مختلف نظاموں میں موجود معلومات کو مؤثر انداز میں قابل استعمال بنانا ہے۔
نئے اے آئی نظام کو ایپک اور اوریکل ہیلتھ جیسے طبی ریکارڈ پلیٹ فارمز سے منسلک کیا گیا ہے۔ یہ مریضوں کی بیماریوں، ادویات اور لیبارٹری رپورٹس کی معلومات حاصل کرسکتا ہے، تاہم طبی ریکارڈ میں براہ راست کوئی تبدیلی نہیں کرتا۔
گوگل کے مطابق صارفین کے طبی ریکارڈز، پرامپٹس اور اے آئی کے تیار کردہ نتائج محفوظ انٹرپرائز ماحول میں رکھے جائیں گے اور صارفین کا ڈیٹا بنیادی اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔
پلیٹ فارم میں گوگل، اینتھروپک اور اوپن اے آئی کے ماڈلز استعمال کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔ بلیو کراس بلیو شیلڈ آف میساچوسٹس، ہارٹ فورڈ ہیلتھ کیئر اور ایچ سی اے ہیلتھ کیئر سمیت متعدد طبی ادارے اس کی آزمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔
گوگل کلاؤڈ کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد طبی عملے کی انتظامی مصروفیات کم کرنا اور مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے زیادہ وقت فراہم کرنا ہے۔




