اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے نجی شعبے کو سرمایہ کاری کے مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معدنی شعبے کی ترقی کو تیز کیا جائے گا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے معدنی وسائل کے بہتر استعمال کے لیے کوشاں ہے۔ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے اور سڑکوں کے رابطوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ چاغی اور گوادر کے درمیان انفراسٹرکچر کی تعمیر بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ معدنی ذخائر تک آسان رسائی یقینی بنانے کے لیے روڈ نیٹ ورک کو مضبوط کیا جا رہا ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اس شعبے میں ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔




