دی ہیگ: یورپی یونین نے فوٹونک چپس کی ٹیکنالوجی میں عالمی برتری کے لیے ‘پکس یورپ’ (PIX Europe) منصوبے کے تحت 40 کروڑ یورو مختص کر دیے ہیں، تاکہ چپ سازی کی صنعت میں امریکا، تائیوان اور چین پر انحصار کم کر کے یورپ کو آگے لایا جا سکے۔
ڈچ تحقیقی ادارے ‘ٹی این او’ (TNO) کے ماہرین کے مطابق الیکٹرانز کے بجائے روشنی سے ڈیٹا پراسیس کرنے والی فوٹونک چپس روایتی چپس سے زیادہ تیز، کم توانائی صرف کرنے والی اور کم حرارت پیدا کرنے والی ہیں، تاہم یہ شعبہ ابھی اس سطح پر ہے جہاں برقی چپس 40 سے 50 سال پہلے تھیں۔
لیبارٹریز سے عملی پیداوار تک منتقلی کے لیے یورپی چپس ایکٹ کے تحت پائلٹ لائنز قائم کی جا رہی ہیں، جس کے تحت نیدرلینڈز کے شہر آئیڈہوون میں 10 ہزار مربع میٹر کی فیکٹری 2030 میں مکمل فعال ہو کر 4 انچ کے بجائے 6 انچ انڈیم فاسفائیڈ ویفرز تیار کرے گی اور اس میں ڈچ کمپنی ‘اے ایس ایم ایل’ (ASML) کی ٹیکنالوجی کلیدی کردار نبھائے گی۔




