ٹیکنالوجی
Trending

یورپی آٹو مارکیٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کی دھوم، اکتوبر میں فروخت میں 60 فیصد سے زائد اضافہ

 

نیویارک :یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور اکتوبر 2026 کے دوران بیٹری الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن میں سالانہ بنیاد پر 60 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ روایتی ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، حکومتی سبسڈیز اور کم قیمت الیکٹرک ماڈلز کی دستیابی نے صارفین کو الیکٹرک گاڑیوں کی جانب راغب کیا ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یورپ کی 18 اہم آٹوموبائل مارکیٹوں میں اکتوبر کے دوران 2 لاکھ 95 ہزار 252 بیٹری الیکٹرک گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ اس طرح نئی گاڑیوں کی مجموعی مارکیٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 32.1 فیصد تک پہنچ گیا، یعنی فروخت ہونے والی تقریباً ہر تین نئی گاڑیوں میں سے ایک الیکٹرک گاڑی تھی۔

رواں سال جنوری سے اکتوبر تک یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی مجموعی رجسٹریشن 23 لاکھ 30 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 40.7 فیصد زیادہ ہے۔

جرمنی اور فرانس میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جرمنی میں اکتوبر کے دوران 94 ہزار 69 الیکٹرک گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ ان کا مارکیٹ شیئر 37 فیصد رہا۔ فرانس میں 61 ہزار 958 گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ مارکیٹ شیئر 41.5 فیصد تک پہنچ گیا۔

شمالی یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کا رجحان سب سے زیادہ مضبوط رہا۔ ناروے میں نئی رجسٹرڈ گاڑیوں میں الیکٹرک ماڈلز کا حصہ 98.8 فیصد رہا، جبکہ ڈنمارک میں 88.4 فیصد، فن لینڈ میں 59.9 فیصد اور سویڈن میں 51.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح لکسمبرگ، پرتگال، بیلجیم اور نیدرلینڈز میں بھی اکتوبر کے دوران نئی گاڑیوں کی تقریباً نصف رجسٹریشن مکمل الیکٹرک گاڑیوں پر مشتمل رہی۔ دوسری جانب اٹلی میں الیکٹرک گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 5.9 فیصد، پولینڈ میں 6.2 فیصد اور چیک ریپبلک میں 9.3 فیصد رہا۔

الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کے ساتھ یورپی یونین میں 2035 کے لیے مقرر کردہ نئی گاڑیوں کے اخراج سے متعلق اہداف میں ممکنہ نرمی پر بھی بحث جاری ہے۔

یورپی آٹو انڈسٹری میں یہ پیش رفت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ صارفین کی ترجیحات تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ مہنگے روایتی ایندھن کے متبادل، حکومتی مالی معاونت اور زیادہ سستی الیکٹرک گاڑیوں کی دستیابی اس تبدیلی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button