پاکستان
Trending

صوبوں کی تعداد نہیں، عوام کو روٹی، روزگار اور معاشی ریلیف چاہیے، بلاول بھٹو

 

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو اس وقت نئے صوبوں یا سیاسی اختلافات سے زیادہ دو وقت کی روٹی کی فکر ہے۔ ملک میں ایک صوبہ ہو یا ہزار، اصل ضرورت عوام کے معاشی مسائل حل کرنا اور انہیں مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل ترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے اور موجودہ بحران سے نکلنے میں وقت لگے گا۔ ان کے مطابق خطے میں جنگی صورتحال اور امریکا ایران کشیدگی نے معاشی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، جس کا بوجھ پاکستان کا ہر شہری پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کے بلوں کی صورت میں برداشت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا۔ ملک کو درپیش مسائل کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر معاشی بحران کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ جب تک معاشی بحران ختم نہیں ہوتا، کسی دوسرے سیاسی ایجنڈے کو ترجیح نہیں دینی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے خطے میں امن کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم کو اپنا ایجنڈا ترتیب دینے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ شہباز شریف کو پانچ سالہ مدت مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہیے اور ان کا ہاتھ مضبوط کیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی گئیں اور شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیراعظم بنانے میں پیپلز پارٹی نے کردار ادا کیا۔ معاشی مشکلات اتنی سنگین ہیں کہ ان کا مقابلہ صرف ایک یا دو سیاسی جماعتیں نہیں کر سکتیں۔

سیاسی اختلافات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسی کی انا ملک کے مفاد سے زیادہ اہم نہیں ہو سکتی۔ بانی پی ٹی آئی سے ان کے اختلافات اپنی جگہ، لیکن پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہے، اس لیے قومی مسائل پر اسے بھی مذاکرات میں شامل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں واپس آ کر اپنا کردار ادا کرے۔ بلاول بھٹو کے مطابق وہ زور زبردستی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور اپنا مؤقف پیش کرنا ان کا حق ہے، وزیراعظم ان کی تجاویز قبول کریں یا نہ کریں، یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی پسند کرے یا نہ کرے، مولانا فضل الرحمان اپوزیشن میں ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ اپنی سوچ کے مطابق کام جاری رکھیں گے اور ذاتی اختلافات کو ملکی مفاد پر حاوی نہیں ہونے دیں گے۔

سندھ کے چھوٹے زمینداروں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چھوٹے کاشت کاروں کی مدد کرنا چاہتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں عالمی معیار کے صحت کے ادارے قائم کیے گئے ہیں۔ عوام کو علاج کی سہولیات فراہم نہ ہونا پیپلز پارٹی کے لیے قابل قبول نہیں، ملک میں ایسی کوئی بیماری نہیں جس کا علاج موجود نہ ہو۔

انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں متحد ہونا ہوگا اور عوام کو درپیش مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی ضروریات کے مسائل کو اولین ترجیح دینی ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button