ٹیکنالوجی

ہنڈائی ایلنٹرا این کا نیاماڈل تیار، 330 ہارس پاور انجن اورسپورٹی لُک کے ساتھ 2028 میں انٹری متوقع

 

نیویارک:جنوبی کوریا کی کار ساز کمپنی ہنڈائی اپنی سپورٹس سیڈان ایلنٹرا این کو نئے انداز میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ نئی جنریشن میں زیادہ طاقتور انجن، منفرد اسپورٹی ڈیزائن اور بہتر ڈرائیونگ کارکردگی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جبکہ اسے 2028 ماڈل کے طور پر مارکیٹ میں لایا جا سکتا ہے۔

کار اینڈ ڈرائیور کی رپورٹ کے مطابق نئی ایلنٹرا این میں 2.5 لیٹر ٹربو چارجڈ انجن دیا جا سکتا ہے، جو 300 سے 330 ہارس پاور تک طاقت پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔ یہ موجودہ ماڈل کے 2.0 لیٹر ٹربو انجن سے نمایاں طور پر زیادہ طاقتور ہوگا، جو 276 ہارس پاور اور 289 پاؤنڈ فٹ ٹارک فراہم کرتا ہے۔

نئی گاڑی کے ڈیزائن میں بھی بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ایلنٹرا این کو زیادہ چوڑی باڈی، جارحانہ فرنٹ ڈیزائن، بڑے ٹائروں اور نمایاں ریئر ونگ کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کے سسپنشن، اسٹیئرنگ اور چیسز میں بہتری لائی جائے گی تاکہ ڈرائیونگ کے دوران زیادہ استحکام اور بہتر کنٹرول حاصل ہو سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئی ایلنٹرا این میں 19 انچ کے پہیوں کے ساتھ 275/30ZR-19 سائز کے چوڑے ٹائر استعمال کیے جانے کا امکان ہے، جو موجودہ ماڈل کے مقابلے میں بہتر گرفت فراہم کر سکتے ہیں۔

ٹرانسمیشن کے حوالے سے چھ اسپیڈ مینوئل اور آٹھ اسپیڈ ڈوئل کلچ آٹومیٹک کے آپشنز متوقع ہیں۔ تاہم مینوئل ٹرانسمیشن کی واپسی کے بارے میں حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ اسی طرح آل وہیل ڈرائیو ہائبرڈ ورژن کی خبریں بھی زیر گردش ہیں، جس میں پچھلے ایکسل پر الیکٹرک موٹر دی جا سکتی ہے۔

نئی ایلنٹرا این کا مقابلہ ووکس ویگن جیٹا جی ایل آئی اور سبارو ڈبلیو آر ایکس سمیت دیگر پرفارمنس سیڈان سے ہوگا، جبکہ یہ ہونڈا سوک ٹائپ آر کے مقابلے میں نسبتاً کم قیمت متبادل کے طور پر بھی سامنے آ سکتی ہے۔

قیمت کے حوالے سے اندازہ ہے کہ نئی گاڑی کی ابتدائی قیمت 40 ہزار امریکی ڈالر کے قریب ہو سکتی ہے۔ اس کی رونمائی 2027 کے اوائل میں متوقع ہے، جبکہ فروخت اسی سال کے آخر میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button