ملتان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی نظام کا جمہوری انداز میں ری سیٹ ہونا ضروری ہے، اس عمل میں تمام سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ہوگا۔ ملکی استحکام کے لیے پارلیمان کا اعتماد بحال اور سیاسی اختلافات کم کرنا ہوں گے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب کے بعد جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے متاثرہ عوام کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے، ہر پاکستانی شہری جنگ کا بوجھ اٹھا رہا ہے، سیاست دانوں کو عوام سے سچ بولنا چاہیے اور معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے، نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود روزگار سے محروم ہیں، کاشتکاروں کو فصل کی مناسب قیمت اور مزدوروں کو محنت کا معاوضہ نہیں مل رہا۔ عوام اپنے بچوں کی تعلیم اور دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں، حکومت کو بنیادی عوامی مسائل پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کا عمل جمہوری اور سیاسی طریقے سے ہونا چاہیے۔ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت میں شامل کیا جائے، پارلیمان کا اعتماد بحال کیا جائے اور اپوزیشن کو بھی ہر معاملے میں اعتماد میں لیا جائے۔ پارلیمان کو بااختیار بنانا ہے تو تمام اہم فیصلے پارلیمنٹ کے اندر ہونے چاہئیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان بھی اعتماد کا مسئلہ موجود ہے۔ اپوزیشن کو فنانس کمیٹی اور انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے عمل میں شامل کیا جائے تاکہ انتخابی نظام پر سب کا اعتماد بحال ہو۔
انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کے بغیر حکومت متنازع ہو جاتی ہے۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر نظام کو ری سیٹ کرنے کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا۔ ملک میں سیاسی استحکام لانے کے لیے تمام جماعتوں کو مل بیٹھ کر فیصلے کرنا ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے میڈیا کی آزادی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافی آزاد نہیں، صحافت کی آزادی بحال کرنا ہوگی۔ صحافیوں کا کام حکومت کو آئینہ دکھانا اور عوامی مسائل کی نشاندہی کرنا ہے۔ جمہوری نظام کی بحالی کے لیے آزاد میڈیا کا ہونا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو موجودہ عدالتی نظام پر اعتماد نہیں، احتساب کا نظام صرف سیاسی مخالفین کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ملک کا نظام واقعی بیٹھ چکا ہے، علاج سے پہلے بیماری کی تشخیص کرنا ہوگی۔ 1973 کا آئینی نظام خود کولیپس نہیں ہوا بلکہ اسے کولیپس کرایا گیا۔
جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر بلاول بھٹو نے کہا کہ اس حوالے سے اتفاق رائے موجود ہے، پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ کے لیے یکساں پالیسی رکھتی ہے۔ پنجاب اور سندھ اسمبلیوں کا جو فیصلہ ہوگا، اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہیں اور پنجاب کے چار ٹکڑے کرنے کی بات درست نہیں۔ صوبے باہمی اتفاق رائے سے بنانے چاہئیں، ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مزید فروغ نہیں دینا چاہیے۔




