بیجنگ:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے چین کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اعلیٰ چینی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پرتپاک استقبال دیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی کے پولیٹیکل کمشنر جنرل چن ہوئی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دفاعی تعاون، خطے کی سیکیورٹی صورتحال، تربیتی اشتراک، اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔ جنرل چن ہوئی نے پاک فوج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ معیار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ دورہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔




