کراچی: سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں غیر قانونی بس اڈے ختم کیے گئے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ نظام کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن بس سروس کو جدید انداز میں تیار کیا جا رہا ہے اور پیپلز بس سروس میں روزانہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں۔ سندھ میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے، جسے ستمبر کے آخر تک مزید بسوں سے وسعت دی جائے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین ڈرائیورز کو مفت ای وی اسکوٹرز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ اس سال ایک ہزار سے زائد ای وی بسیں کراچی میں متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں یہ اصلاحات شہر کی ترقی کے لیے اہم ہیں، اور تنقید کرنے والے اس کام کی قدر کریں۔




