اسلام آباد: ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
صدر پزشکیان نے اپنے دورے کا آغاز لاہور سے کیا، جہاں ان کا طیارہ پہنچنے پر صوبائی و وفاقی حکام نے استقبال کیا۔ لاہور میں مختصر قیام کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوئے، جہاں ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، قومی ترانے بجائے گئے اور دونوں ممالک کے جھنڈے فضا میں لہراتے رہے۔
ایرانی صدر اپنے قیام کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، معاشی تعاون، تجارتی روابط اور خطے کے استحکام جیسے اہم موضوعات پر بات چیت کریں گے۔
حکام کے مطابق اس دورے سے پاک-ایران تعلقات میں نئی جہتیں متوقع ہیں۔




