سوات : بونیر، سوات، شانگلہ اور باجوڑ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن چوتھے روز بھی پوری سرگرمی کے ساتھ جاری ہے۔ شدید بارش کے باوجود ریسکیو ٹیمیں لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں راشن، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ درجنوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
کور آف انجینئرز کے اہلکار بند راستے کھولنے اور ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں، جبکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (USAR) ملبے تلے دبے زخمیوں اور لاشوں کو تلاش کر رہی ہے۔
پاک فوج کے ڈاکٹرز بھی متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس لگا کر مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، اور ضروری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
فوجی حکام کے مطابق جب تک آخری متاثرہ شخص کو محفوظ مقام پر منتقل نہیں کیا جاتا، ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔




