اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو عوامی مفاد اور ترقی کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں مختلف شعبوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بجٹ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس کا مقصد معیشت کو مستحکم کرنا اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ ٹیکس نیٹ سے باہر رہنے والوں کا بوجھ ان شہریوں پر نہ پڑے جو باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کو منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے اصلاحات کر رہی ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بجٹ میں ملک کی معاشی سمت واضح کی گئی ہے اور یہ ایک مربوط روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق معاشی استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنایا جائے




