کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے 1,089 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا ہے، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز شامل ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کی مجموعی آمدن کا تخمینہ 1,134 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔
بجٹ میں تعلیم کے لیے 157 ارب 28 کروڑ روپے اور صحت کے لیے 73 ارب 99 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ امن و امان کے لیے 107 ارب 92 کروڑ روپے جبکہ فارن فنڈڈ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 65 ارب 34 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
کھیل و تفریح کے لیے 8 ارب 54 کروڑ روپے اور سماجی تحفظ کے لیے 15 ارب 13 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے لیے 44 ارب 56 کروڑ روپے اور صوبائی پی ایس ڈی پی کا حجم 206 ارب 61 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ جاری اخراجات کے لیے 797 ارب 82 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز بھی بجٹ کا حصہ ہے۔




