گلگت: پولیس فورس کے ڈسپلن اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے گلگت بلتستان پولیس نے اپنے اہلکاروں پر ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔
آئی جی گلگت بلتستان کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی پولیس افسر یا اہلکار سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک استعمال نہیں کرے گا، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
تمام ضلعی پولیس افسران اور یونٹ انچارجز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکم سے اپنے ماتحت عملے کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کے مختلف حصوں میں پولیس اہلکاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں اسلام آباد اور پنجاب میں بھی ایسے اقدامات کیے جا چکے ہیں، جن میں پولیس اہلکاروں کو یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور سیاسی یا مذہبی خیالات کا اظہار کرنے سے روکا گیا ہے۔




