لاہور/ملتان/کشمور :پنجاب میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جہاں دریائے چناب اور دیگر دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے متعدد دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔ جلالپور پیر والا، شجاع آباد، علی پور اور بہاولنگر سمیت کئی علاقوں میں شدید نقصان ہوا، ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے جس سے سندھ کے کئی کچے کے علاقے بھی سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ گھوٹکی، کندھ کوٹ، نوشہرو فیروز اور دیگر اضلاع میں بھی سیلابی صورتحال خراب ہے۔
حکومت اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر چکی ہیں، تاہم متاثرین کو راشن اور پینے کے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ پنجاب میں تقریباً 45 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں بھی صورتحال دن بہ دن تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔




