نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے درمیان ایک دوستانہ اور گرم جوش ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور قریبی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں نے کثیر الجہتی تعاون، خاص طور پر تجارت، علاقائی تعاون اور ثقافتی روابط کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو باہمی عزت، رواداری، اعتماد اور ترقی جیسے مشترکہ اہداف کی بنیاد پر مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے بھی باہمی سفارتی تعلقات میں بہتری کو خوش آئند قرار دیا اور پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے باہمی تجارت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کو برصغیر کے استحکام اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا ہے، جس میں دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔




