دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان کا سخت مقابلہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا، جس میں فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ یہ میچ دبئی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کو فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ہر صورت ٹائیگرز کو شکست دینی ہوگی۔
آج جیتنے والی ٹیم اتوار کو بھارت کے ساتھ فائنل میں ٹکرائے گی۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب فارم میں نہیں ہیں، تاہم حسن نواز کے میچ میں شامل ہونے کے امکانات روشن ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 25 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 20 جبکہ بنگلہ دیش نے 5 میچز جیتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی فاسٹ باؤلرز کا مزاج جارحانہ ہے اور وہ فائنل کے لیے مکمل تیار ہیں۔ شاہین نے مزید کہا کہ پاکستان یہاں ایشیا کپ جیتنے آیا ہے اور ہر میچ میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔




