اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی ہم آہنگی کے لیے میثاقِ جمہوریت کی پیشکش کی، مگر اپوزیشن نے ہر مرتبہ اس کا مثبت جواب دینے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خود ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور پھر انتخابی عمل پر تنقید شروع کر دی، حالانکہ بائیکاٹ کے بعد اعتراضات کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ عطا تارڑ کے مطابق پی ٹی آئی کے انتخابی بائیکاٹ کا براہِ راست فائدہ حکومتی امیدوار بابر نواز خان کو ہوا جنہوں نے ان کی نشست حاصل کر لی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو واضح عوامی ردعمل ملا، جبکہ ان کے قول و فعل میں تضاد ان کی سیاسی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا مہم بھی چلائی، جو غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔




