راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ متنازع اور اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا حقیقی چہرہ اور جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا مرکز تسلیم کر رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکۂ حق کو گزرے پانچ ماہ ہو چکے ہیں، مگر بھارت انتخابی مہم کے دوران اپنی روایتی، من گھڑت اور اشتعال انگیز پروپیگنڈہ مہم دوبارہ دہرا رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی عسکری قیادت ہر ریاستی انتخاب سے قبل ایسے بیانات دیتی ہے تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جا سکے، جو نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھارت کی عسکری قیادت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک ایٹمی ریاست کی عسکری قیادت کا سیاسی دباؤ میں آ کر اس طرح کے بیانات دینا نہایت افسوسناک ہے، جس سے نہ صرف بھارتی عوام بلکہ بین الاقوامی برادری میں بھی بھارتی فوجی مشینری کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں اپنی شکست تسلیم کرنے سے قاصر ہے اور تاریخ کو اپنی مرضی سے توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے، جبکہ حقیقتوں کو چھپانے کے لیے فلمی مناظرات تیار کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے خبردار کیا کہ بھارت کی جارحانہ ذہنیت خطے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم اپنے ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب فوری، فیصلہ کن اور تاریخی نوعیت کا ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی مہم جوئی اور تسلط پسندانہ پالیسیاں نہ صرف بھارت کے اپنے عوام بلکہ اس کے ہمسایہ ممالک کے لیے بھی نقصان دہ ہیں، اور عالمی برادری اب اس حقیقت کو سمجھنے لگی ہے کہ بھارت کی جارحیت پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔




