لاہور/ملتان/عارف والا: بھارت کی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جہاں 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ کئی نشیبی علاقے مکمل طور پر زیر آب آ چکے ہیں جبکہ دریا کنارے آباد دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں۔
دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں 100 سے زائد بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب چکی ہیں۔ انتظامیہ نے شہر کو بچانے کے لیے وہاڑی پل بند کو توڑ دیا ہے اور علاقے میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
عارف والا اور بہاولنگر کے مابین دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس سے لاکھوں افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ جلال پور پیر والا کے قریب سیلابی پانی میں 4 افراد ڈوب گئے ہیں جن میں دو کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو اور انتظامی ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں.




