نئی دہلی:بھارتی فضائیہ نے اپنے مقامی ساختہ تیجس (Tejas) لڑاکا طیاروں کے پورے بیڑے کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا ہے۔ یہ بڑا فیصلہ حال ہی میں رن وے پر پیش آنے والے ایک حادثے اور طیارے میں موجود سنگین فنی خرابیوں کے باعث کیا گیا ہے۔ 7 فروری کو ایک تیجس طیارہ 170 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹیک آف کے دوران رن وے سے پھسل کر کیچڑ میں جا گرا، جس میں پائلٹ زخمی ہوا۔
فضائیہ نے اپنے زیرِ استعمال تمام 35 طیاروں کو پرواز سے روک کر ان کی جامع تکنیکی جانچ کا حکم دیا ہے۔ 2016 میں شمولیت کے بعد سے یہ تیسرا بڑا نقصان ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 اور نومبر 2025 میں بھی تیجس طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔
ایک آڈٹ رپورٹ کے مطابق تیجس میں 53 اہم فنی خامیاں پائی گئی ہیں، جس نے بھارتی دفاعی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک حادثے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو جاتی اور تمام طیاروں کا تکنیکی معائنہ مکمل نہیں ہوتا، یہ بیڑا گراؤنڈ رہے گا۔




