پاکستان
Trending

پی آئی اے کا بڑا سنگِ میل: لندن سے لاہور کے لیے براہِ راست فضائی آپریشن کی بحالی کا اعلان

 

اسلام آباد / لندن : پاکستان کی قومی ایئر لائن (PIA) نے ایک بڑی تزویراتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے لاہور کے لیے براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اہم سروس برطانوی حکام کی جانب سے عائد کردہ 6 سالہ پابندی کے خاتمے کے بعد بحال کی جا رہی ہے، جسے پی آئی اے کی انتظامیہ اور وزارتِ ہوا بازی کی انتھک کوششوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق، برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی ایک منظم اور مرحلہ وار منصوبے کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں مانچسٹر سے اسلام آباد کے لیے پروازیں کامیابی سے شروع کی گئی تھیں۔
اب دوسرے اور اہم ترین مرحلے میں لندن سے لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ بحال کیا جا رہا ہے، جو پی آئی اے کا تاریخی طور پر سب سے زیادہ منافع بخش روٹ رہا ہے۔
یاد رہے کہ 2020 میں مختلف تکنیکی اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر برطانیہ اور یورپی ممالک نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس طویل تعطل کے دوران قومی ایئر لائن کو اربوں روپے کے ریونیو کا نقصان اٹھانا پڑا۔ لاکھوں سمندر پار پاکستانیوں کو کنیکٹنگ فلائٹس کے ذریعے طویل اور مہنگا سفر کرنا پڑا۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ لندن ،لاہور روٹ کی بحالی سے نہ صرف پی آئی اے کے مالیاتی بحران میں کمی آئے گی بلکہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ لندن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک "دیرینہ خواب کی تعبیر” قرار دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button